حیدرآباد:بے امنی کے خلاف قوم پرست جماعتوں کا امن مارچ

حیدرآباد:بے امنی کے خلاف قوم پرست جماعتوں کا امن مارچ

حیدر آباد (نمائندہ دنیا) سندھ میں بے امنی، پریا کماری کی عدم بازیابی اور صحافی جان محمد مہر، ہدایت لوہار، پروفیسر اجمل ساوند و دیگر کے قاتل گرفتار نہ کرنے کے خلاف مختلف قومپروست جماعتوں کی جانب سے اولڈ کیمپس سے پریس کلب حیدرآباد تک امن مارچ کیا گیا۔

 جس میں عوامی تحریک، عوامی ورکرز پارٹی، سندھ یونائیٹڈ پارٹی، نیشنل پارٹی، عوامی جمہوری پارٹی، وطن دوست جمہوری پارٹی، کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان سمیت مختلف سیاسی جماعتوں اور علمی و ادبی شخصیات شریک ہوئیں جبکہ مارچ کے شرکاء سے لعل جروار، سید لعل شاہ، تاج مری، لطیف لغاری، کامریڈ اقبال، عرض محمد رتڑ،عمرہ سموں، نور احمد کاتیار،جامی چانڈیو، ڈاکٹر بدر چنا اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ کو ڈاکوؤں کے حوالے کر دیا ہے ، پیپلز پارٹی میں بااثر قبائلی سردار وڈیروں اور جاگیرداروں کے سرپرست ہیں،لوگوں کو اغوا کرکے کروڑوں روپے تاوان وصولی اب صنعت بن چکی ہے ، سندھ کے وسائل اور زمینوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ نیٹو کا جدید اسلحہ ڈاکوؤں کو کون فراہم کر رہا ہے ، لوگ بلاول بھٹو سے جواب مانگنا چاہتے ہیں۔سندھ میں بے امنی، لاقانونیت اور کرپشن نے عوام کی زندگی عذاب بنادی ہے ، ڈاکو ؤں نے ریاست کے اندر ریاست قائم کر رکھی ہے اور ریاست کی حکمرانی کو چیلنج کیا ہے ،اس کے باوجود حکومت ڈاکوؤں کے خلاف کوئی موثر آپریشن کرنے کو تیار نہیں۔ان کا کہناتھاکہ سردار، وڈیرے ، جاگیردار اور انتظامیہ اکثر ڈاکو راج میں ملوث ہوتے ہیں، ڈاکوؤں کو نیٹو کا اسلحہ فراہم کرنے والے مجرموں کی نشاندہی کی جائے اور اس جرم میں ملوث تمام مجرموں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کے عوام کو جانی اور مالی تحفظ فراہم کیا جائے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں