آئی بی اے کیمپس کی بندش کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست

 آئی بی اے کیمپس کی بندش کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست

میرپورخاص (بیورو رپورٹ) سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر نے آئی بی اے کیمپس کی بندش کے خلاف درخواست دائر کر دی۔دائر درخواست میں ایچ ای سی سمیت 20 اداروں کو فریق بنایا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب میرپورخاص میں قائم آئی بی اے کیمپس کی فنڈنگ روکنے اورکیمپس بند کرنے کیخلاف سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن میرپورخاص کے صدر علی حسن چانڈیو نے سندھ ہائیکورٹ میرپورخاص سرکٹ بنچ میں میر پرویز تالپور ایڈووکیٹ اور دیگر وکلاء کے توسط سے درخواست دائر کر دی۔ وکلاء ٹیم میں ہریش چند، سکندر کولاچی، عبدالغفار، نذیر میمن، میر سیف اللہ، شوکت راہموں، محبوب کپری اور دیگر وکلاء شامل ہیں ۔دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئی بی اے میرپورخاص کیمپس چند سال قبل ہائر ایجوکیشن کمیشن نے منظور کیا تھا اور کیمپس کیلئے دو ایکڑ زمین بھی خریدی گئی جب کہ 15 ایکڑ زمین مخیر افراد نے عطیہ کی تھی ، جس پر چار دیواری کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے اور اس وقت کیمپس میں تقریباً 300 طلبہ زیر تعلیم ہیں ، کیمپس بند کرنے سے زیر تعلیم طلبہ کا مستقبل تباہ ہو جائے گا۔ آئی بی اے کے علاوہ میرپورخاص ڈویژن میں کوئی اور یونیورسٹی نہیں ہے ،جس کی وجہ سے میرپورخاص کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے حیدرآباد، کراچی سمیت دیگر شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے اس لئے ایچ ای سی کو کیمپس کے فنڈز جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں