معمر دکاندار کا قتل ادھار نہ دینے کا شاخسانہ نکلا

معمر دکاندار کا قتل ادھار نہ دینے کا شاخسانہ نکلا

کراچی (آن لائن) پولیس نے شہر قائد کے علاقے ناظم آباد، دیر کالونی میں 60 سالہ شہری غلام محمد کے قتل کا معمہ حل کر لیا۔شاہراہِ نور جہاں پولیس نے متوفی غلام محمد کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے ، جس کی شناخت عثمان عرف پٹاخہ کے نام سے ہوئی ہے۔

 ملزم سے آلہ قتل، 1 عدد 30 بور پسٹل لوڈ میگزین بھی برآمد کر لیا گیا ہے ۔25 اپریل کی صبح دیر کالونی بلاک U، نارتھ ناظم آباد میں شہری غلام محمد فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا تھا۔ ابتدائی طور پر فیملی نے دوران ڈکیتی مزاحمت پر قتل کا شبہ ظاہر کیا تھا، تاہم پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر کے کارروائی کا آغاز کیا۔پولیس نے واردات میں ملوث ملزم عثمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی، ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ غلام محمد کی چھوٹی سی پرچون کی دکان سے اکثر ادھار لیتا تھا۔ملزم کے اعتراف کے مطابق اْس روز بھی وہ ادھار لینے دکان پر گیا، لیکن متوفی نے ادھار دینے سے انکار کر دیا جس پر دونوں میں تلخ کلامی ہوئی، اور ملزم نے طیش میں آ کر غلام محمد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گیا۔ایس ایس پی ذیشان شفیق صدیقی کے مطابق ملزم کے خلاف قتل اور اسلحے کے علیحدہ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ واقعے کے بعد ابتدائی طور پر مقتول کے اہل خانہ نے دورانِ ڈکیتی مزاحمت پر قتل کا شبہ ظاہر کیا تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں