اسپیشلائزڈ یونٹ مسروقہ گاڑیاں برآمد کرنے میں ناکام

اسپیشلائزڈ یونٹ مسروقہ گاڑیاں برآمد کرنے میں ناکام

کراچی (آن لائن) کراچی پولیس کا اسپیشلائزڈ یونٹ مسروقہ گاڑیاں برآمد کرنے میں ناکام ہو گیا ہے ، اے وی ایل سی کی جانب سے شہریوں کی مسروقہ گاڑیوں کو برآمد کرنے میں روایتی سستی کا مظاہرہ دیکھنے کو مل رہا ہے ۔

گلشن حدید میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) گاڑی چوروں کی سہولت کار بن گئی ہے ، اور شہری ٹریکر لگی گاڑیاں خود تلاش کرنے لگے ہیں۔ گلشن حدید میں چور رات گئے گھروں کے باہر کھڑی گاڑیوں پر ہاتھ صاف کرنے لگے ہیں جب کہ شکایت پر اے وی ایل سی کی جانب سے ٹکا سا جواب ملتا ہے کہ ہمارے پاس اور بھی کام ہیں تمہاری کار ہی ڈھونڈتے رہیں؟۔گلشن حدید سے حالیہ وارداتوں میں چوری ہونے والی گاڑیوں کے مالکان رل گئے ہیں، متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ اے وی ایل سی گلشن حدید گاڑی برآمد کرنے کے لیے رشوت طلب کر رہی ہے ، مسروقہ گاڑیوں کی ٹریکر لوکیشن بھی فراہم کی گئی لیکن پھر بھی اے وی ایل سی کارروائی کرنے سے گریزاں رہی۔شہری اپنی گاڑی کی تلاش کے لیے اے وی ایل سی کی موبائلوں میں پٹرول بھروانے پر بھی مجبور ہیں، ٹریکر کے باعث چوری شدہ گاڑیاں متعلقہ تھانے کی حدود میں ہی نظر آتی رہیں، شہریوں کی جانب سے گاڑی چوری کی سی سی ٹی وی فوٹیج مہیا کیے جانے کے باوجود اے وی ایل سی کارروائی نہیں کرتی، جس کی وجہ سے شہری اپنی مدد آپ اور اے وی ایل سی کو خرچہ دے کر گاڑیاں برآمد کرانے لگے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں