خون کا عطیہ دیکر جانے والا نوجوان حادثے میں چل بسا

خون کا عطیہ  دیکر  جانے  والا  نوجوان  حادثے  میں  چل  بسا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور دو خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق عزیز بھٹی کے علاقے نیشنل اسٹیڈیم پل پر ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔متوفی کی لاش اور زخمی کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 24 سالہ اسامہ ولد ریاض کے نام سے کی گئی۔متوفی لیاقت آباد بندھانی کالونی کا رہائشی تھا جو اپنے کسی رشتے دار کی بیماری پر اسے خون کا عطیہ کرنے جناح اسپتال آیا اور خون دینے کے بعد گھر جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگیا۔جاں بحق ہونے والے نوجوان کے ساتھ آنے والے لڑکوں نے جناح اسپتال میں ہنگامہ آرائی اور ڈاکٹرز سے بدتمیزی کی جس پر اسپتال انتظامیہ نے جاں بحق ہونے والے کی لاش دینے سے انکار کر دیا اور صدر تھانے کی پولیس کو موقع پر طلب کر لیا۔ بعدازاں پولیس اور مشتعل افراد میں مذاکرات کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ڈاکس کے علاقے مائی کلاچی ایم ٹی خان روڈ پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 18 سالہ سمیر ولد غنی اور زخمی کی شناخت 18 سالہ سمیع ولد عبدالستار کے نام سے کی گئی ، جاں بحق ہونے والا سمیر لیاری اور زخمی بلدیہ ٹاؤن کا رہائشی تھا ، دونوں آپس میں دوست تھے جو رات کو سی ویو گئے تھے وہاں سے واپسی پر حادثے کا شکار ہوگئے ۔کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے سنگر چورنگی کے قریب ریس لگاتے ہوئے دو تیز رفتار کاریں آپس میں ٹکرانے سے ایک کار الٹ گئی جبکہ دوسرے کار کھمبے سے جا ٹکرائی ، حادثے میں الٹنے والی کار میں سوار دو خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے ۔الٹنے والی کار کا انجن بھی نکل کر باہر آگیا تھا۔ حادثے کی شکار کاروں کو کرین کے ذریعے تھانے منتقل کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ حادثے میں سڑک سے گزرنے والی ایک گاڑی کو دوسرے گاڑی نے ٹکر ماری تھی، تیز رفتار کار تو ٹکرا کر آگے چلے گئی، جب کہ دوسری کار فٹ پاتھ سے جا ٹکرائی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں