سندھ بھر میں دومئی سے میٹرک کے سالانہ امتحانات شروع

سندھ بھر میں دومئی سے میٹرک کے سالانہ امتحانات شروع

سکھر(نمائندہ دنیا )سندھ کے وزیر جامعات و بورڈز محمد علی ملکانی نے کہا ہے کہ سکھر سمیت سندھ بھر میں دومئی سے نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات شروع ہورہے ہیں ۔۔۔

جن میں نقل کی روک تھام کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں اور اس حوالے سے وزارت داخلہ اور وزارت تعلیم سے بھی مدد و معاونت لی گئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تعلیمی بورڈ سکھر کے افسران کے ساتھ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ تعلیمی بورڈ سکھر کے چیئرمین رفیق احمد پلھ، کنٹرولر عبدالفتح مہر،سیکریٹری عبدالقیوم کندھر،ڈپٹی کنٹرولر نذیر ملاح و دیگر افسران موجود تھے ۔ محمد علی ملکانی کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ سال سے تمام بورڈز سے مینوئل سسٹم کا خاتمہ کیا جائے گا اور اس کی جگہ آٹو میشن سسٹم شروع کیا جائے گا جس کے آغاز کے بعد سے طلبہ کو بورڈز آفس آکر امتحانی فارم جمع کرانے یا سلپ و رزلٹ کے حصول کے لیے بورڈز آفیسز کے چکر لگانا نہیں پڑیں گے ۔انہوں نے کہاکہ تمام ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہوگا اور گھر بیٹھے طلبہ اپنا رزلٹ حاصل کرسکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نقل کے رجحان کو ہر صورت ختم کرنا چاہتے ہیں اور اگر اس کام میں بورڈز کے افسران یا عملہ بھی ملوث ہوا تو اس کے ساتھ بھی کوئی رعایت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہاکہ تعلیمی بورڈز سندھ حکومت کا حصہ ہیں اور ان کے جو مسائل ہیں اس پر جلد وزیراعلیٰ سے ملاقات کرکے ان کو حل کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بجا ہے کہ امتحانی فیس ختم ہونے سے بورڈز مالی مشکلات کا شکار ہیں تاہم ان کے اس مسئلے کو بھی حل کیا جائے گا۔ نقل کا رجحان کوئی پیپلزپارٹی کے دور میں شروع نہیں ہوا بلکہ یہ تو ایک عرصے سے جاری ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں