لعل شہباز قلندر ؒ کے مزار پر ناقص صفائی ،منیجر اوقاف معطل

 لعل شہباز قلندر ؒ کے مزار پر ناقص صفائی ،منیجر اوقاف معطل

سیہون(نمائندہ دنیا)حضرت لعل شہباز قلندر ؒ کے مزار پر صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر منیجر اوقاف کو معطل کردیاگیا۔

وزیر اوقاف سندھ کی اچانک مزار پر آمد، مختلف حصوں کا دورہ، صفائی ستھرائی اور زائرین کو سہولیات کی عدم فراہمی پر اوقاف عملے پر اظہار برہمی۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اوقاف ، عشر زکوٰۃ و مذہبی امورسید ریاض حسین شاہ شیرازی نے درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر ؒ پر حاضری دیکر پھولوں کی چادر چڑھائی اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر سی سی ٹی وی کنٹرول روم بھی گئے اور انہوں نے درگاہ پر آنے والے زائرین سے درپیش مسائل دریافت کیے ۔انہوں نے مزار پر زائرین کیلئے بہتر انتظام نہ ہونے پر منیجر اوقاف سیہون جمیل انصاری کو معطل کردیا۔اس موقع پر سیکریٹری اوقاف منور علی مہیسر نے صوبائی وزیر اوقاف کو درگاہ کے معاملات پر بریفنگ دی۔ وزیر اوقاف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ درگاہ لعل شہباز قلندر کی مزار پر آنے والے عقیدت مندوں کو درپیش مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے گا، زائرین کے لیے وضو خانہ،بیت الخلاء،مسافر خانہ، ڈسپنسری،تمام چیکنگ پوائنٹس کی مرمت سمیت توسیع کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ درگاہ پر آنے والے زائرین کیلئے پارکنگ ایریا بھی بنایا جائے گا جبکہ سندھ کی تمام درگاہوں کی زمینوں سے جلد قبضے ختم کروائے جائیں گے ،اس سے قبل صوبائی وزیر سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے مزار کے وضو خانے ، مسافر خانے ، محکمہ اوقاف کی ڈسپینسری سمیت دیگر حصوں کا دورہ کیااور مزار پر صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر محکمہ اوقاف کے عملے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور سیکریٹری اوقاف منورمہیسر کو ہدایات جاری کی کہ مزار پر قائم گورنمنٹ ڈسپینسری کو فوری طور پر فعال کرکے زائرین کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں