واجبات کی عدم ادائیگی، ریلوے اسٹیشن روہڑی کی بجلی منقطع

واجبات کی عدم ادائیگی، ریلوے اسٹیشن روہڑی کی بجلی منقطع

روہڑی(نمائندہ دنیا)ملک کے اہم و مصروف ترین ریلوے اسٹیشن روہڑی کی بجلی 37 کروڑ روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر منقطع کردی گئی جس کی وجہ سے ریلوے اسٹیشن گزشتہ دو روز سے رات کے اوقات میں تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے ۔

اطلاعات کے مطابق بجلی کی بندش کے باعث کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی ،کوئٹہ و دیگر شہروں سے آنے اور جانے والی ٹرینوں کے مسافروں اور روہڑی اسٹیشن پر تعینات ریلوے ملازمین کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے جب کہ دوسری جانب روہڑی اسٹیشن کے چاروں پیلیٹ فارمز پر موجود درجنوں کھانے پینے کے اسٹالز مالکان بھی پریشان ہیں ۔ اس سلسلے میں اسٹال والوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو روز سے بجلی کی بندش کے باعث کاروبار جاری رکھنے کے لیے جنریٹر استعمال کر رہے ہیں ،تاہم روزانہ ہزاروں روپے کا ایندھن استعمال کرنے سے اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں ۔ اس سلسلے ایس ڈی او سیپکو سب ڈویژن روہڑی نے بتایا کہ ریلوے اسٹیشن روہڑی پر تقریبا ً 37 کروڑ روپے سے زائد کے واجبات کی وجہ سے بجلی منقطع کی گئی ہے ۔ ادھر رابطے کرنے پر ڈی ایس ریلوے سکھر فرمان غنی نے ‘‘دنیا ’’کو بتایا کہ سیپکو نے گزشتہ دو روز سے بجلی کی سپلائی منقطع کررکھی ہے ، آج سیپکو کو بل کی ادائیگی کرکے ریلوے اسٹیشن روہڑی کی بجلی بحال کروادی جائے گی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں