کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیا جائے ،منعم ظفر

 کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیا جائے ،منعم ظفر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان نے اعلان کیا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 18.89فی یونٹ کے ممکنہ اضافے کے خلاف منگل کوشام 5بجے کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کے سامنے عوامی پریس کانفرنس ہوگی جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کیحقوق کراچی تحریککے سلسلے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔منعم ظفر نے مزید کہا کہ طلبہ و طالبات لوڈ شیڈنگ کے باعث امتحانات کی تیاری کرنے میں پریشانی کا شکار ہیں،کے الیکٹرک اپنا طرزعمل درست کرے اور لوڈ شیڈنگ ختم کرے ، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیا جائے ،اس کا فارنزک آڈٹ کیا جائے ، نجکاری کرنے والوں کو قوم کے سامنے بے نقاب کیا جائے ۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سن لیں کراچی کے عوام کو بیانات نہیں اقدامات چاہئیں، جامعہ کراچی کے غیر تدریسی عملے کو شوکاز نوٹس دینے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت کی جانب سے فوری طور پر 2ارب روپے کی اضافی گرانٹ دی جائے اور جامعہ کراچی کے اساتذہ اور طلبہ کے مسائل حل کیے جائیں۔آصف علی زرداری جنگی بنیادوں پر شروع کیے جانے والے سیف سٹی پروجیکٹ کی وضاحت کریں کہ ایسا کون سا پروجیکٹ ہے جو گزشتہ 16سال سے مکمل ہی نہیں ہورہا۔اس موقع پر نائب امرا مسلم پرویز،راجہ عارف سلطان،رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق فرحان بھی موجود تھے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں