اسکولز اپ گریڈیشن کیلئے کوششوں کا آغاز کردیا، وزیر تعلیم

 اسکولز اپ گریڈیشن کیلئے کوششوں کا آغاز کردیا، وزیر تعلیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر تعلیم و معدنیات سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا ہے محکمہ اسکول ایجوکیشن کی طرف سے اسکولز ڈراپ آئوٹ روکنے خاص طور پر بچیوں کی تعلیم کو جاری رکھنے کے لیے اسکولز اپگریڈیشن اور ٹرانسپورٹیشن کی سہولت کے لیے سنجیدہ کوششوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔۔

 انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے سالوں میں سندھ میں 8 لاکھ سے زائد بچیوں کو ہائی اسکول تعلیم مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ بات انہوں نے جمعے کو ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کہی، اس موقع پر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندھ زاہد علی عباسی و دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر سردار علی شاہ نے ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے وفد سے لڑکیوں کی تعلیم کی ترقی کے حوالے سے تعاون طلب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت لڑکیوں کو اسکول اسکولوں تک پہنچانے کے لیے پبلک پرائیویٹ سسٹم کے تحت ٹرانسپورٹ کا انتظام کرنا چاہیے تا کہ معیاری سفری سہولیات کو ممکن بنانے میں مدد مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں تعلقہ سطح پر ماڈل اسکولوں بنائے جائیں گے اور ان اسکولوں تک بچیوں کی رسائی پہلی ترجیح ہوگی۔سیلاب سے متاثر ہونے والے 1600 اسکولوں کی تعمیر بے حد ضروری ہے ، ہم ایسے اسکولوں کی بحالی کو ترجیح دینگے جن میں داخلہ کا تناسب زیادہ ہے ، تعلیم کی ترقی کے مختلف منصوبوں کے لیے سندھ حکومت کو عالمی ادروں کا تعاون بھی درکار ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں