قومی مفاد مدنظر رکھ کر رپورٹنگ کی جائے ،خالد مقبول

 قومی مفاد مدنظر رکھ کر رپورٹنگ کی جائے ،خالد مقبول

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے آزادی صحافت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کے دن کو اقوام متحدہ نے صحافیوں کے نام کیا ہے۔۔

 اور اسے منانے کا مقصد صحافیوں کے حقوق کا تحفظ اور دنیا کو صحافتی اصولوں سے روشناس کرانا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ میڈیا قومی مفاد مدنظر رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ اور درست رپورٹنگ کرے ، میڈیا کو جعلی خبروں کے سدباب اور اخلاقی اقدار کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے ۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ غزہ میں کوریج کے دوران جان قربان کرنے والے صحافی ہیروز ہیں، جبر سے لڑنا اور سچائی سامنے لانا ہی آزادی صحافت کے عالمی دن کا پیغام ہے ۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، ملک میں موجود صحافتی تنظیموں اور عالمی برادری کے ساتھ آزادی صحافت کا عالمی دن منا رہی ہے ۔ اطلاع اور علم طاقتور ذرائع ہیں اور آزاد و خودمختار صحافت وہ بنیادی ادارہ ہے جو لوگوں کو اُنہیں درکار معلومات تک رسائی دیتا ہے جن کے ذریعے وہ اپنے حق کے لیے بولتے ہیں۔ ایم کیو ایم آن لائن اور آف لائن دونوں انداز میں آزادی صحافت اور دنیا بھر میں صحافیوں اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ کارکنوں کے تحفظ کی حامی ہے ۔علاوہ ازیں انہوں نے پاکستان کے چاند پر بھیجے گئے کامیاب خلائی مشن پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں