حکومت سندھ نے ہمیشہ آزاد صحافت کوفروغ دیا،شرجیل میمن

حکومت سندھ نے ہمیشہ آزاد صحافت کوفروغ دیا،شرجیل میمن

کراچی(اسٹاف رپورٹر )صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کے لئے صحافیوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، صحافیوں نے ہمیشہ جمہوریت کی نگہبانی اور نگرانی کی ہے۔۔

 شہید بی بی کے ویژن کے تحت حکومت سندھ نے ہمیشہ آزاد صحافت، تعمیری مکالمے اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیا ہے ۔ آزادی ِصحافت کے دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے تحفظ کے لئے سب سے پہلے پروٹیکشن آف جرنلسٹس کمیشن کا قیام پیپلز پارٹی کا کارنامہ ہے ، اظہار آزادی کو پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنی ترجیحات میں رکھا ہے ۔ صحافیوں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کا وژن ہے ، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے عوامی مفادات اور جمہوری نظریات کے حصول کے لیے ہمیشہ آزاد صحافت کی وکالت کی ہے ۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، کراچی یونین آف جرنلسٹس اور سکھر یونین آف جرنلسٹس کے 50،50 لاکھ کے امدادی چیک صحافی رہنماؤں کے سپرد کر دیئے ۔ پی ایف یو جے کا امدادی چیک لالہ اسد پٹھان اور کے یو جے کا امدادی چیک صدر اعجاز احمد اور عاجز جمالی نے وصول کیا، جبکہ سکھر یونین آف جرنلسٹس کا امدادی چیک جاوید جتوئی نے وصول کیا۔ حکومت سندھ کی جانب سے سندھ پارلیمانی رپورٹرز ایسو سی ایشن کو بھی 2 کروڑ کا امدادی چیک دیا گیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں