گورنر کی اٹلی کے سرمایہ کاروں کوہرممکن مدد کی یقین دہانی

گورنر کی اٹلی کے سرمایہ کاروں کوہرممکن مدد کی یقین دہانی

کراچی(این این آئی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے اٹلی کی نئی تعینات ہونے والی سفیرماریہ ارمیلن نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔

ملاقات میں قونصل جنرل اٹلی بھی موجود تھے ۔ گورنر سندھ نے تعیناتی پر اٹالین سفیر کو مبارکباد دی، ملاقات میں پاک اٹلی دوطرفہ تجارتی اور ثقافتی تعلقات ، سرمایہ کاری سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے مابین تعلقات وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اٹلی کے سرمایہ کار سرمایہ کاری کریں انہیں ہر ممکن مدد فراہم کریں گے ، کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ سرمایہ کاری کے لیے ایس آئی ایف سی بھرپور معاون ومددگار ثابت ہوگا۔ گورنر سندھ نے اٹالین سفیر اور قونصل جنرل کو سندھ کی روایتی ٹوپی اور اجرک بھی پہنائی۔ دریں اثنا اٹلی کی سفیر نے قائد روم ، آئی ٹی مارکی ، طاقتور پاکستان کے تحت راشن بیگزاور امید کی گھنٹی کا بھی دورہ کیا۔علاوہ ازیں گورنر سندھ سے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ رہنماؤں میں ڈاکٹر خالد مقبول، مصطفی کمال،ڈاکٹر فاروق ستار، نسرین جلیل اور فیصل سبزواری شامل تھے ۔ ملاقات میں صوبہ میں وفاق کے ترقیاتی منصوبوں، شہر قائد کے انفرا اسٹرکچر کی بحالی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں صنعتی پیداوار میں اضافہ،شہر قائد میں خصوصا صنعتوں کو بجلی اور گیس کی مسلسل فراہمی کے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں