پولیس نے منشیات ڈیلر سمیت 20ملزمان گرفتار کرلیے

پولیس نے منشیات ڈیلر سمیت 20ملزمان گرفتار کرلیے

حیدرآباد،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) حیدر آباد پولیس نے منشیات ڈیلر امجد عرف امجی نظامانی سے 6 کلو سے زائد چرس برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

 پولیس کے مطابق سی آئی اے اور حالی روڈ پولیس نے انگور شاہ درگاہ مکرانی محلہ کے قریب سے ملزم کو گرفتار کیا ۔علاوہ ازیں ٹنڈو یوسف تھانے کی حدود بدین چالی کے قریب ٹنڈو یوسف پولیس نے مبینہ مقابلے میں اسٹریٹ کرمنل بلال کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ نوڈیرو پولیس نے مقابلے میں مبینہ ڈاکو دلبر ولد صفر علی جویو کو ہتھیاروں سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیاہے۔ پنگریو سے نمائندے کے مطابق ضلع بدین میں پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں گٹکے ، 210 لٹر دیسی شراب اور 110 گرام چرس برآمد کر کے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ماتلی پولیس نے اہلکاروں کے ہمراہ کارروائی کے دوران جرم کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 ملزمان حیدر ملاح اور غلام مرتضی ملاح کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ۔ پولیس نے مزید ایک کارر وائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ ملزمان اقدام قتل کے کیس میں پولیس کو مطلوب تھے جن کے قبضے سے اسلحہ ضبط کرلیاگیا۔ اسی طرح کڈھن پولیس نے ایک کارر وائی کے دوران منشیات فروش علی شیر ملاح کو گرفتار کرکے 110 گرام چرس برآمد کر لی۔کڈھن پولیس نے ہی ایک اور کارروائی کرکے گٹکا فروش عبدالرازق چانڈیو کو پکڑلیا ۔ علاوہ ازیں گلاب لغاری پولیس نے شراب کی بھٹی پر چھاپا مارکر 210 لٹر دیسی شراب برآمد کرلی اور مالک محسن ٹنگڑی کو گرفتار کرلیا ۔ شہید فاضل راہو پولیس نے کارروائی کرکے گٹکا فروش ضمیر علی جتوئی کو گرفتار کرلیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں