اندرون سندھ حادثات و واقعات میں 7افراد جاں بحق

اندرون سندھ حادثات و واقعات میں 7افراد جاں بحق

حیدرآباد،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) حیدرآباد سپر ہائی وے اور انڈس ہائی وے پر مختلف حادثات میں خاتون سمیت دو افرادجاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔۔

 زخمیوں کو جامشورو اور سول اسپتال حیدرآباد میں منتقل کرادیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق سپرہائی وے پر نوری آباد کے قریب حیدرآباد سے کراچی جانے والی تیز رفتار کار ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر الٹ گئی ، کار میں سوار ریاض حسین جتوئی جوکہ حیدرآباد لیبر کالونی کا رہائشی تھا موقع پر جاں بحق ہوگیا، جبکہ دو افراد نیاز جتوئی اور ڈرائیور ریاض زخمی ہوگئے ۔ادھر انڈس ہائی وے پر سن کے قریب دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں جامشورو کا رہائشی اﷲ جڑیو ملاح جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔ میہڑ سے نمائندے کے مطابق گورنمنٹ ہائی اسکول سندھی بٹڑا کے ہیڈ ماسٹر الطاف احمد بلھڑو ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے ۔متوفی شام کے وقت امتحانی ڈیوٹی دینے کے بعد واپس اپنے گھر میہڑ جا رہے تھے کہ موٹر سائیکل سلپ ہونے کے باعث گر کر شدید زخمی ہوگئے جنہیں زخمی حالت میں تحصیل اسپتال لایا گیا جہاں پر طبی امداد کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں لاڑکانہ منتقل کیا گیا،تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گئے۔ پنگریو کے نواحی گاؤں روپاڑوکارہائشی 55سالہ ابراہیم جونیجو نہرمیں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ محراب پور میں مورو تھانے کی حدود میں سندھ کالونی کے قریب دولت پور مانیئر کے کنارے کھیلتے ہوئے دو بچیاں سمیرا اور عذرا ماچھی گر گئیں اور ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں ۔دوسری طرف گاؤں علی محمد انصاری میں قوم پرست رہنما رستم علی شر کے بھائی غلام مجتبیٰ شر بجلی کی سپلائی بحال کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔ علاوہ ازیں مورو کے رہائشی فدا حسین ولد محمد رحیم بھٹو کی لاش ہالا ناکہ کے قریب واڈو شاخ (نہر) سے برآمد ہوئی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں