پیپلز بس کے صارفین اب آٹو میٹڈ اسمارٹ کارڈ کے ذریعے کرایہ ادا کرسکیں گے

پیپلز بس  کے  صارفین  اب آٹو میٹڈ اسمارٹ کارڈ  کے  ذریعے  کرایہ ادا کرسکیں  گے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ ٹرانسپورٹ کے آٹو میٹڈ فیئر کلیکشن اسمارٹ کارڈ سسٹم کا آغاز ہوگیا۔ پیپلزبس صارفین اب نقد رقم کے بجائے آٹو میٹڈ فیئر کلیکشن اسمارٹ کارڈ کے ذریعے اپنا کرایہ ادا کرسکیں گے ۔

آٹومیٹڈ فری کلیکشن سسٹم کی لانچنگ تقریب سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر میزبانی مقامی ہوٹل میں ہوئی۔ وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے آٹومیٹڈ فری کلیکشن سسٹم کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم ملک میں مواصلاتی نظام کو نئی شکل دینے جارہے ہیں ، سندھ حکومت عوام کی بہبودکے حوالے سے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم ٹرانسپورٹیشن کے شعبے میں جدت کو متعارف کروا رہے ہیں، پیپلز بس سروس میں آٹومیٹڈ فیئر کلیکشن سسٹم کی لانچنگ اس کا حصہ ہے ، کرایہ کی وصولی کا خودکار نظام ابتدائی طور پردو روٹس روٹ ون اور روٹ نائن پر شروع کیا جائے گا اور بہت جلد دیگر روٹس پر یہ نظام شروع کر دیا جائے گا۔ سندھ میں ہی پہلی بات خواتین کے لئے مخصوص پنک بس سروس اور ماحول دوست الیکٹرک بسیں شروع کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن تھا جس کو ہم آگے لے کر گئے ہیں، حکومت سندھ نے محض پچاس روپے میں عوام کو سستی، بہترین، جدید سفری سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا۔عوامی حکومت نے مہنگائی کے باوجود ریڈ لائن بی آر ٹی کا کام ایک مرتبہ پھر تیزی سے شروع کروا دیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں