گھوٹکی پولیس کا کچے کے ساتھ پکے میں بھی آپریشن شروع

 گھوٹکی پولیس کا کچے کے ساتھ پکے میں بھی آپریشن شروع

میرپورماتھیلو(نمائندہ دنیا)گھوٹکی پولیس نے کچے کے ساتھ ساتھ پکے میں بھی آپریشن شروع کردیا ۔ خانپور مہر میں پولیس نے آپریشن کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے ٹھکانوں کو نذرِ آتش کردیا۔

اطلاعات کے مطابق گھوٹکی میں امن و امان کی صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیر نور چنہ کی قیادت میں دوسرے روز بھی رہزنی،ڈکیتی و دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کا عمل جاری رہا ، تاہم پولیس آپریشن کے دوران جرائم پیشہ عناصر اپنے ٹھکانوں کو چھوڑ کر فرار ہوگئے جب کہ پولیس نے ان کے ٹھکانوں کو نذرِ آتش کردیا ۔ ایس ایس پی  کے مطابق پکے کے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھی سخت آپریشن شروع کیا گیا ہے جبکہ سہولت کاری کے شبے میں پانچ مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ گھوٹکی پولیس کے پریس ترجمان افتخار آرائیں کے مطابق پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کا آغاز کررکھا ہے اور ایک ماہ کے دوران ایک من سے زائد چرس برآمد کرکے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں جب کہ اغوا برائے تاوان کی انڈسٹری بنے ضلع گھوٹکی میں تجارتی سرگرمیاں تاحال متاثر ہیں ۔ دوسری جانب  گھوٹکی اور کندھ کوٹ کو ملانے والے پل کے کام کاآغاز کردیاگیا ہے ، اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر گھوٹکی ڈاکٹر سید محمد علی نے  زیر تعمیر پل کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں