50لاکھ کی ڈکیتی کا ڈراپ سین، رقم جمع کرانے والا ہی ماسٹرمائنڈ نکلا

50لاکھ کی ڈکیتی کا ڈراپ سین، رقم جمع کرانے والا ہی ماسٹرمائنڈ نکلا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کھارادر کے علاقے میں 2 روز قبل بینک کے باہر سے 50 لاکھ روپے کی ڈکیتی کا ڈراپ سین ہوگیا، پولیس نے بینک میں رقم جمع کروانے والے ملازم کو ڈکیتی کا ماسٹر مائنڈ ہونے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔۔۔

ملزم نے واردات کا اعتراف کرلیا۔ ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق 2 روز قبل کھارادر کے علاقے میں بینک کے باہر 50 لاکھ روپے کی ڈکیتی ہوئی تھی، بینک میں رقم جمع کرانے والا ملازم ہی ڈکیتی کا ماسٹر مائنڈ نکلا۔ کھارادر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کے ماسٹر مائنڈ ملازم کو گرفتار کرلیا جس کی شناخت سمیر کے نام سے ہوئی ہے ۔ایس ایس پی سٹی کے مطابق ملزم نے اپنے دیگر 3 ساتھیوں کے ساتھ مل کر اس ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا، ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں مشتبہ حرکات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔ملزم کا ساتھی اسامہ موٹر سائیکل پر آیا اور اسلحہ لہراتے ہوئے ملزم سمیر سے پیسوں سے بھرا بیگ چھین کر فرار ہوگیا، ملزم کے دیگر 2 ساتھی معیز تنولی اور عاقب عرف گاڑی میں بیک اپ کے طور پر پیچھے کھڑے تھے ۔ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں