نکاسی آب کا مسئلہ گھمبیر شکل اختیار کر گیا، ڈاکٹر فواد

نکاسی آب کا مسئلہ گھمبیر شکل اختیار کر گیا، ڈاکٹر فواد

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے کہا ہے کہ علاقائی و بلدیاتی مسائل کے حل کیلئے شہری اداروں کو ایک پیج پر آکر کام کرنا ہوگا تاکہ عوام کو سہولیات پہنچانے میں کسی قسم کی کمی نہ ہو۔۔۔

پانی وسیوریج کے مسائل کو حل کئے بغیر انفراسٹرکچر کو درست نہیں کر سکتے ۔ گلشن اقبال میں ترقیاتی کاموں سے قبل پانی وسیوریج لائنوں کو درست کرے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن اقبال میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران اور یوسی کے منتخب بلدیاتی نمائندگان کے ہمراہ فراہمی و نکاسی آب کے مسائل کے حل اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر یوسیز کے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل کی طرف نشاندہی کی جس میں بنیادی مسئلہ پانی وسیوریج کے مسائل کا تھا جبکہ انہوں نے نشاندہی کی کہ کے ایم سی کی جانب سے سڑکوں کی کھدائی کرکے چھوڑ دیا گیا ہے جس سے مسائل پیدا ہورہے ہیں جبکہ علاقوں میں سیوریج کے مسئلے کے سدباب کیلئے کوئی جامع حکمت عملی نہیں ترتیب دی گئی ہے بعض جگہوں پر سیوریج لائنوں کی تنصیب کے بغیر سیوریج مسائل حل نہیں ہوسکتے ۔ اس موقع پر چیئرمین ڈاکٹر فواداحمد نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نکاسی آب کا مسئلہ گھمبیر مسئلے کی شکل اختیار کر چکا یے اس سلسلے میں فوری ایکشن لیتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔ جلد ہی گلشن اقبال میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا رہے ہیں ۔واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے موجود افسران نے اس موقع پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اجلاس میں ایکس ای این بی اینڈ آر راشد فیاض ، ڈپٹی ڈائریکٹر انسداد تجاوزات شباحت، وائس چیئرمین و نمائندگان بھی موجود تھے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں