نیپرا کراچی میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے ، منعم ظفر

نیپرا کراچی میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے ، منعم ظفر

کراچی (اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی کے عبوری امیر منعم ظفر خان نے سخت گرمی اور حبس میں کے الیکٹرک کی جانب سے بدترین لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے اس سلسلے میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کونیپرا کے چیئرمین کو اپنی ذمہ داری پوری کرنے کے حوالے سے خط ارسال کردیا ہے اور ۔۔۔

مطالبہ کیا ہے کہ نیپرا بدترین لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے ، کے الیکٹرک کے خلاف فوری کاروائی کرے ،AT&Cکی بنیاد پر لوڈشیڈنگ کرنے پر کے الیکٹرک کے خلاف اپنے 3اپریل2024کے فیصلے پر عمل درآمد کرے اور کراچی میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائے ۔کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی کے خلاف منگل 7مئی کو کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کے سامنے عوامی پریس کانفرنس کریں گے ۔منعم ظفر خان نے اپنے خط میں مزیدکہاکہ نیپرا قوانین کے مطابق جو صارفین بجلی کا بل وقت پر ادا کرتے ہیں انہیں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے الیکٹرک کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔نیپرا ایکٹ کے تحت صارفین کے مفادات کا تحفظ نیپرا کی اولین ذمہ داری ہے ۔کے الیکٹرک کی نجکاری کو 18 سال کا طویل عرصہ بیت گیا مگر کے الیکٹرک نہ تو بجلی جنریشن میں خودکفیل ہوسکا اور نہ ہی کراچی سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوسکا ۔ کراچی کے شہری مہنگی ترین بجلی صرف کے الیکٹرک سے خریدنے پر مجبور اور وقت پر بل ادا کرنے کے باوجود روزانہ 3 سے 18 گھنٹوں کی بدترین لوڈشیڈنگ کا شکار ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں