بدترین لوڈشیڈنگ :جماعت اسلامی کاہفتے کومظاہروں کااعلان

 بدترین لوڈشیڈنگ :جماعت اسلامی کاہفتے کومظاہروں کااعلان

کراچی(آن لائن)جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان نے منگل کو کے الیکٹرک ہیڈ آفس گزری کے سامنے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے۔

 کہ جماعت اسلامی کے تحت کے الیکٹرک کی نا اہلی و ناقص کارکردگی،بدترین لوڈشیڈنگ اور نرخوں میں ممکنہ ظالمانہ اضافے کے خلاف ہفتہ 11مئی کو کراچی کے تمام ٹاؤنز میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ۔انہوں نے مزید کہاکہ اگر کے الیکٹرک نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس اور گورنر ہاوس پر دھرنے کا آپشن بھی موجود ہے ،اس کے علاوہ لوڈشیڈنگ کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن بھی دائر کریں گے ۔ان کاکہناتھاکہ نیپرا کو صارفین کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے لیکن ایسا نہیں ہے ،ہم 9 مئی کو نیپرا کی سماعت میں شرکت کرکے کراچی کے عوام کا مقدمہ لڑیں گے اور کے الیکٹرک کو نرخوں میں ظالمانہ اضافے کی اجازت دینے سے روکیں گے ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک کو سرکاری تحویل میں لے کر شہر کو لوڈشیڈنگ فری کیا جائے ۔  عوامی پریس کانفرنس میں شریک شہریوں اور طلبہ نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے ۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی فاروق فرحان، نائب امراء کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ، مسلم پرویز، اسحاق خان سول سوسائٹی اور مختلف شعبوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں