لاڑکانہ :اے ایس پی سٹی آفس پر دستی بم حملہ، اہلکار محفوظ رہے

لاڑکانہ :اے ایس پی سٹی آفس پر دستی بم حملہ، اہلکار محفوظ رہے

لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) لاڑکانہ میں اے ایس پی سٹی آفس پر دستی بم سے حملہ، ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکار بال بال بچ گئے ، رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری جائے۔۔

 وقوعہ پر پہنچ گئی، واقعہ کا مقدمہ دہشت گردی ایکٹ کے تحت 2 ملزمان کے خلاف درج کرلیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق سول لائن تھانہ کی حدود میں واقع اے ایس پی سٹی کے دفتر کے احاطے میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی جانب سے دستی بم سے حملہ کیا گیا، جو دفتر کے احاطے میں آ کر گرا ، دھماکے سے ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکار بال بال بچ گئے ۔ ایس ایس پی لاڑکانہ میر روحل کھوسو کے مطابق پولیس کی بھاری نفری سے شہر کی ناکہ بندی کردی گئی ہے ۔ جبکہ ڈی ایس پی ظہور سومرو کا کہنا تھا کہ دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے دیسی ساختہ دستی بم پھینکا۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے ۔قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی جانب سے بھی واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ جبکہ ڈی آئی جی لاڑکانہ کی جانب سے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ دوسری جانب رینجرز جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے ،جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ بھی کرائی جا رہی ہے ۔واقعے کا مقدمہ دہشت گردی ایکٹ کے تحت 2 ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں