عادی مجرموں کی ای ٹیگنگ کیلئے4ہزار ڈیوائسز خریدنے کی منظوری

عادی مجرموں کی ای ٹیگنگ کیلئے4ہزار ڈیوائسز خریدنے کی منظوری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جرائم پیشہ افراد اور ڈرگ مافیا کی ای ٹیگنگ کیلئے 4000 ڈیوائسز خریدنے کی منظوری دی ۔

وزیراعلیٰ نے شہر کے انتہائی حساس مقامات پر اسٹریٹ کرائم اور منشیات تدارک کے لیے جیو ٹیگنگ اور جی پی ایس جیسے آلات کے استعمال کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی)کو سکھر، گھوٹکی، کشمور اور شکارپور اضلاع کی پولیس کو مجرموں/ڈاکوؤں اور ان کے ٹھکانوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے 14 ڈرون فراہم کرنے کی ہدایت کی جو گزشتہ ماہ خریدے گئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ پولیس نے رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مربوط تعاون سے شہر میں اسٹریٹ کرائم اور کچے کے علاقے میں اغوا برائے تاوان سمیت امن و امان کی مجموعی صورتحال کے تدارک میں پیش رفت کی ہے لیکن جرائم کے مکمل خاتمے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ آلات کی فراہمی کے لیے پولیس کو پہلے ہی کافی فنڈز فراہم کر چکے ہیں۔اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل میمن، ناصر شاہ، ضیا لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، ایس ایم بی آر بقا اللہ انڑ، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی، ایڈیشنل آئی کراچی عمران یعقوب، سیکریٹری بلدیات خالد حیدر، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی ، سیکریٹری وزیراعلیٰ رحیم شیخ، سیکریٹری قانون ، سیکریٹری ای اینڈ ٹی سلیم راجپوت اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے صوبائی سربراہان نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگر منشیات پر قابو نہ پایا گیا تو کراچی کی صورتحال مزید ابتر ہوجائے گی اور کرائم ریٹ انڈیکس میں مزید اضافہ ہوتا جائے گا ،جس سے ہماری آئندہ نسل بُری طرح متاثر ہوگی اور معاشرہ منشیات فروشوں کے لیے آماج گاہ بن جائے گاجس سے جرائم کی تعداد تشویشناک حد تک بڑھ جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں نے کراچی کو منشیات سے محفوظ شہر بنانے کا عزم کیا ہے ۔ اس پر آئی جی پولیس نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ صوبے میں 574 منشیات فروشوں کی نشاندہی کی گئی ہے ، جن میں سے 299 کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے ، 5 پولیس مقابلے میں مارے گئے ہیں اور 270 مفرور ہیں جنہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔انہوں کو بتایا گیا کہ عادی مجرموں کی ای ٹیگنگ کے لیے 4000 ڈیوائسز کی خریداری کی جائے گی جوکہ اسٹریٹ کرمنل اور نارکوٹکس ڈیلرکیلئے ہونگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس کی گاڑیوں میں ٹریکرز کی تنصیب کیلئے پولیس کو بجٹ دیا گیاہے ۔پولیس کی 3302 گاڑیاں ٹریکر سسٹم سے لیس ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ ان کی ہدایات پر کراچی کے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں اسٹریٹ کرائم اور منشیات کی فروخت کے ہاٹ اسپاٹ ایریاز کی نشاندہی کی گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں