پانی وبجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج،واٹر ہائیڈرنٹ پر دھاوا

پانی وبجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج،واٹر ہائیڈرنٹ پر دھاوا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بجلی و پانی کے ستائے شہریوں کا سخی حسن اور عزیز آبادمیں احتجاج، واٹر ہائیڈرنٹ پر دھاوا بول دیا ،واٹر ٹینکرز کے نل کھول کر سارا پانی سڑکوں پر بہا دیا،واٹر ٹینکرز کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بھی بنایا ۔

 تفصیلات کے مطابق شدید گرمی، پانی اور بجلی کی عدم فراہمی نے شہریوں کا پارہ ہائی کر دیا ۔پیر اور منگل کی درمیانی شب نارتھ ناظم آباد سخی حسن چورنگی کے قریب علاقہ مکینوں نے واٹر ہائیڈرنٹ کے باہر مظاہرہ کیا، اس دوران مظاہرین نے واٹر ہائیڈرنٹ پر موجود ٹینکرز کے وال اور نل کھول کر سارا پانی سڑک پر بہا دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن اور واٹر ٹینکر مافیا کی ملی بھگت کی وجہ سے انہیں مہنگا پانی خریدنا پڑ رہا ہے اور لائن کا پانی چوری کر کے ہائیڈرنٹس کے ذریعے انہیں ہی فروخت کیا جا رہا ہے ،گھروں میں بجلی اور پانی نہ ہونے کی وجہ سے ان کے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ مظاہرین نے ہائیڈرنٹ کے باہر موجود واٹر ٹینکرز کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بھی بنایا۔ بعد ازاں پولیس کے پہنچنے پر مظاہرین منتشر ہو گئے ۔ قبل ازیں عزیز آباد میں بھی پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کیا گیا ۔مکینوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے پانی کی فراہمی بند ہے جسکی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ واٹر کارپوریشن انتظامیہ شکایات کے باوجود انہیں پانی فراہم نہیں کررہی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں