اندھی گولیاں زندگیاں چاٹنے لگیں،پولیس ہوائی فائرنگ روکنے میں ناکام

 اندھی گولیاں زندگیاں چاٹنے لگیں،پولیس ہوائی فائرنگ روکنے میں ناکام

کراچی(آئی این پی)شہر قائد میں اندھی گولیاں لگنے کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے تاہم کراچی پولیس ہوائی فائرنگ کے واقعات روکنے میں مکمل ناکام ہو گئی ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق کراچی میں اندھی گولیاں گھر کے باہر اور اندر معصوم بچوں سمیت بڑوں کی بھی جان لینے لگی ہیں، حالیہ واقعے میں تین ہٹی مارٹن کوارٹر میں گھر میں بیٹھی 75 سالہ محمد خاتون گولی لگنے سے زخمی ہو گئیں۔ گزشتہ 4 روز کے اندر اندھی گولیاں لگنے سے ایک بچی اور طالب علم سمیت 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں، رواں سال اب تک اندھی گولیاں لگنے سے سیکڑوں شہری زخمی ہوئے ، لیکن ان واقعات کے خلاف کوئی ایکشن لینے والا نہیں ہے ۔گزشتہ روز چند گھنٹوں میں نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوئے ، بلدیہ رشید آباد میں اندھی گولی لگنے سے 3 سالہ بچی ابھا نور زخمی ہوئی، جب کہ چند روز قبل لانڈھی فیوچر کالونی میں اندھی گولی لگنے سے ڈھائی سالہ بچی آسیہ جاں بحق ہوئی جو گھر کی چھت پر سو رہی تھی۔کورنگی میں چھت پر سویا ہوا نویں جماعت کا 14 سالہ طالب علم علی رضا جاں بحق ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں