لانڈھی میں کے ڈی اے کی کروڑوں روپے کی اراضی پر قبضے شروع

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بابر مارکیٹ لانڈھی کے اطراف کے ڈی اے کی کروڑوں روپے مالیت کی خالی اراضی پر قبضے شروع کردیئے گئے ہیں۔
مکینوں نے ڈی جی کے ڈی اے سے نوٹس لینے کی درخواست کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے ) کورنگی آفس میں تعینات کچھ بدعنوان عناصر کی ملی بھگت سے لانڈھی میں کے ڈی اے کی خالی اراضی پر قبضہ مافیا نے قبضے شروع کردیئے ہیں ۔لانڈھی بابر مارکیٹ کے اطراف کروڑوں روپے مالیت کی خالی اراضی پر قبضہ کیا جارہا ہے اطراف کے مکین کے ڈی اے کے متعلقہ افسران کے علم میں صورت حال لائے ہیں لیکن اس کے باوجود قبضوں کو رکوانے کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا جارہا ۔مکینوں نے ڈی جی کے ڈی اے سے قبضہ مافیا کی سرگرمیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ دوسری جانب کے ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ لانڈھی میں قبضوں کو رکوانے کیلئے جلد اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ کارروائی کرے گا۔ سینئر افسر جمیل بلوچ جو کچھ روز قبل ریٹائر ہوئے ہیں وہ پہلے بھی لانڈھی میں ان مقامات پر ہونے والے قبضوں کے خلاف ایکشن کرچکے ہیں ۔