انسداد تجاوزات میں کوتاہی پرسخت کارروائی ہوگی،ناصرشاہ

کراچی(این این آئی)صوبائی وزیر توانائی ،ترقیات و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے کہاہے کہ سندھ حکومت کراچی کو تجاوزات سے پاک ، صاف ستھرا اور خوبصورت شہر بنانے میں بلدیاتی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔
صوبائی وزیرکی زیرصدارت کراچی کی سڑکوں اور گرین بیلٹ پر تجاوزات کے خاتمے کے حوالے اجلاس ہوا۔انہوں نے کہاکہ کسی طرح کی تجاوزات کی بالکل اجازت نہیں ہوگی،اگر شہر میں تجاوزات کے خاتمے میں کسی طرح کی کوتاہی کا مظاہر کیا گیا تو متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔کچھ لوگ شہر کو خوبصورت اور پررونق دیکھنا نہیں چاہتے ۔کسی بھی فٹ پاتھ، گرین بیلٹ، سروس روڈ پر تجاوزات کی بالکل اجازت نہیں ہوگی۔ ناصر حسین شاہ نے کہاکہ کچھ نجی دفاتر نے اپنے جنریٹر فٹ پاتھ پر رکھے ہوئے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ شہر کراچی کو پرکشش بنانے کے متعدد اقدامات کررہے ہیں۔ ناصر شاہ نے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ میئر اور کمشنر کراچی کو تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لیے ہدایات دے چکے ہیں ،ڈی سی اور پولیس ان تجاوزات کو ہٹانے میں مکمل تعاون کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ غیر قانونی یا سڑکوں پر پارکنگ کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی،سڑکوں پر ملبہ گرانے پر مکمل پابندی عائد ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایس بی سی اے ایسے بلڈرز کے خلاف کارروائی کرے گی،بل بورڈز کے ایم سی کی اجازت کے بغیر نصب نہیں ہوں گے ۔