کراچی میں بھی یوم عاشورعقیدت و احترام سے منایاگیا

کراچی میں بھی یوم عاشورعقیدت و احترام سے منایاگیا

کراچی(سٹی ڈیسک)نواسہ رسول حضرت امام حسین ؓ اور ان کے رفقا کی اسلام کی سربلندی کیلئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھرکی طرح کراچی میں بھی یوم عاشور نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔

مختلف علاقوں سے ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے ۔کراچی میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر ایم اے جناح روڈ ، تبت سینٹر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر ختم ہوا۔ یوم عاشور پر کراچی کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس بند کر دی گئی جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، اسلحے کی نمائش، ہیلی کیم اور ڈرون اڑانے پر بھی پابندی عائد رہی۔اس موقع پر انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ، ہزاروں پولیس اہلکار اور نیم فوجی دستے عزاداروں کی حفاظت پر مامور رہے ۔مرکزی جلوس برآمد ہونے سے قبل نشتر پارک میں مرکزی مجلس ہوئی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔جلوس کے شرکا نے مولانا علی افضال کی امامت میں نمازِ ظہرین ادا کی۔جلوس کی طرف آنے والی سڑکیں اور گلیاں کنٹینر رکھ کر بند کردی گئی تھیں ۔کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلوس کی مانیٹرنگ کی گئی، بلند عمارتوں پر پولیس اور رینجرز کی نفری اور اسنائپر تعینات تھے ۔سی ای او ریسکیو 1122 سندھ کے مطابق جلوس کی گزرگاہوں پر ریسکیو 1122 کی 170 ایمبولنس موجودرہیں، ایمبولینسز میں تربیت یافتہ عملہ موجود تھاجبکہ طبی کیمپس بھی لگائے ۔ڈی جی رینجرز سندھ نے مرکزی جلوس کا دورہ کیا اور سیکیورٹی کا جائزہ لیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں