کسی کو سرکاری زمین ایک انچ بھی ہتھیانے نہیں دوں گا،وزیراعلی سندھ

کسی کو سرکاری زمین ایک انچ بھی ہتھیانے نہیں دوں گا،وزیراعلی سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو سرکاری زمین کی مکمل حفاظت کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں کسی کو سرکاری زمین کا ایک انچ بھی ہتھیانے نہیں دوں گا۔

جمعرات کووزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر سے تجاوزات کے خاتمے ، ملیر ایکسپریس وے ، ٹی پی 4، حب کینال اور فٹ پاتھوں، گرین بیلٹس اور سڑکوں سے تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں صوبائی وزراء سعید غنی، ضیاء لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، کمشنر کراچی حسن نقوی ودیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے پر کام کی رفتار تیز کی جائے ، جام صادق پل تا شاہ فیصل ٹاؤن 15 کلو میٹر کا ٹریک پہلے مرحلے میں مکمل کیا جائے ۔مراد علی شاہ نے کہاکہ میں اگست کے آخر یا پھر ستمبر میں 15 کلومیٹر ملیر ایکسپریس وے کو کھولنا چاہتاہوں، ملیر ایکسپریس وے ایئر پورٹ کا ایک متبادل روٹ بھی بن جائے گا۔وزیراعلی نے کمشنر کراچی کو ملیر ایکسپریس وے سے ری کلیم ہونے والی زمین کا سروے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے 15 یوم میں سروے کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز، بلدیاتی اداروں اور پولیس کو ہدایت کی کہ سرکاری اراضی اور املاک کی ہر طرح سے حفاظت کی جائے ۔

انہوں نے واضح انداز میں کہا کہ میں کسی کو سرکاری زمین کا ایک انچ بھی ہتھیانے نہیں دوں گا۔وزیراعلیٰ نے شہر سے تجاوزات کے خاتمے سے متعلق فالو اپ اجلاس میں ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے شہر صاف ستھرا اور عوام کی گزرگاہوں پر کسی قسم کی کوئی رکاوٹ منظور نہیں۔ میں نے فٹ پاتھ، گرین بیلٹس اور سڑکوں کے ساتھ منسلک تجاوزات ہٹانے کے لیے 2ہفتوں میں پلان ترتیب دینے کی ہدایت دی تھی جبکہ گزشتہ اجلاس کو ایک ہفتہ مکمل ہوچکا ہے ، مجھے حکمت عملی سے آگاہ کریں تاکہ کام شروع کیاجاسکے ۔اس موقع پر ڈی جی ایس بی سی اے نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ان کے افسران کمرشل پلازوں کا دورہ کرچکے ہیں، جن عمارتوں کی پارکنگ کی جگہ گودام بن چکے ہیں، ایس بی سی اے کے افسران ان کو ڈاکیومنٹ کریں گے ۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹریٹمنٹ پلانٹ فور پروجیکٹ کے لیے نے ٹائم لائن مقرر کردی ہے ۔میئر کراچی مرتضی وہاب نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ٹی پی فور پروجیکٹ پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ واٹر بورد ایشین بینک کی مدد سے ٹی پی فور پراجیکٹ لگانے کے لیے پراجیکٹ پر کام کررہی ہے ۔مرتضی وہاب نے بریفنگ میں بتایا کہ ٹی پی فور منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر بنایا جائے گا، جبکہ ٹی پی فور 120 ایم آئی جی ڈی ٹریٹمنٹ پلانٹ ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں