سینیٹری ورکرز کی کمی دور کرنے کیلئے بھرتیوں کی ہدایت

سینیٹری ورکرز کی کمی دور کرنے کیلئے بھرتیوں کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں انہوں نے لیاری کے ٹاؤن اور یوسی چیئرمین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ لیاری کے مسائل سے واقف ہیں اور بہتری کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔۔

اس موقع پر ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز علی شاہ، لیاری ٹاؤن اوریوسی کے چیئرمین و دیگرافسران موجود تھے ۔ میئرکراچی نے کہا کہ لیاری میں پہلے سے کام کرنے والی چائنیز کمپنی کا معاہدہ ختم ہوگیا ہے ، نئی ترکیہ کمپنی نے ابھی لیاری میں انتظامات نہیں سنبھالے ۔ کمپنی کی مکمل مشینری اور لیبر آنے کے بعد جلد ہی ترکیہ کمپنی مکمل طور پر انتظامات سنبھال لے گی۔انہوں نے کہا کہ سینیٹری ورکز کی کمی کو دور کرنے کے لئے کمپنی کو ہدایت کی گئی ہے کہ جلد از جلد بھرتیوں کا عمل مکمل کریں۔جب تک ترکیہ کمپنی انتظام نہیں سنبھال لیتی چائنیز کمپنی لیاری میں کام انجام دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم مکمل تعاون کے ساتھ ان مسائل کو جلد از جلد حل کریں گے  ، ترکیہ کمپنی نے صدر اور گارڈن میں صفائی کے انتظامات سنبھال لئے ہیں جلدہی سینیٹری ورکرز اور مشینری کی دستیابی کے بعد لیاری میں کام کا آغاز کرے گی۔ اس موقع پر ایم ڈی سالڈ ویسٹ امتیاز علی شاہ نے کہا کہ جب تک ترکیہ کمپنی انتظامات نہیں سنبھال لیتی چائنیز کمپنی صفائی ستھرائی کا کام انجام دے گی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں