کنری :بی آئی ایس پی سینٹر پردھکم پیل سے متعددخواتین بے ہوش

 کنری :بی آئی ایس پی سینٹر پردھکم پیل سے متعددخواتین بے ہوش

کنری(نمائندہ دنیا )بینظیر انکم سپورٹ پروگرام وظیفہ سینٹر پر خواتین کا رش،قیامت خیز گرمی اور دھکم پیل سے بے ہوش ہونیوالی متعدد خواتین کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کنری کے گورنمنٹ قاضی سلطان ہائر سیکنڈری اسکول میں قائم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینٹر پر وظیفے کی رقم حاصل کرنے کیلئے آنے والی خواتین کو ڈیوائس کی شدید کمی کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور دور دراز سے آنے والی خواتین کو رقم کے حصول کیلئے دربدر ہونا پڑ رہا ہے ، سارا دن انتظار کرنے اور باری نہ آنے پر اگلے روز بھاری اخراجات کرکے دوبارہ آنا پڑتا ہے ۔سینٹر پر رش زیادہ ہونے ،دھکم پیل اور شدید گرمی کی وجہ سے متعدد خواتین بے ہوش ہوگئیں جن کو لیڈی پولیس اہلکاروں نے تحصیل اسپتال کنری منتقل کیا۔دوسری جانب سینٹر پر تعینات لیڈی پولیس اہلکار شدید گرمی اور رش کے باوجود مسیحا کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ لیڈی اہلکار خواتین کو گائیڈ کرنے ،پانی پلانے اوران کو رقم کے حصول میں معاونت کا کردار ادا کرکے غریبوں کی دعائیں سمیٹ رہی ہیں۔علاوہ ازیں بی آئی ایس پی کے ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر حسین بخش ڈاہانی نے سینٹر کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سینٹر پر تین ڈیوائس کام کر رہی تھیں جس میں مز ید ایک ڈیوائس کا اضافہ کردیا گیا ہے ، ڈیوائس کی کمی کی وجہ سے خواتین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، مز ید ڈیوائس کی ضرورت ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں