بڑھتی آبادی کے ساتھ ملک ترقی نہیں کرسکتا،شیخ الجامعہ

بڑھتی آبادی کے ساتھ ملک ترقی نہیں کرسکتا،شیخ الجامعہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہاکہ آبادی میں اضافہ روکنا ہمارے لئے سب سے بڑاچیلنج ہے ، پاکستان کی آبادی کی سالانہ شرح تین اعشاریہ پانچ فیصد ہے جو خطرناک ہے اوراس گروتھ ریٹ کے ساتھ ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

ہر ملک نے اپنی آبادی کنٹرول کرنے کے لئے اپنا ماڈل بنایا ہے ۔ آبادی روکنے کے لئے ہمیں آگاہی اور شعور فراہم کرنیکی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ (کبجی) جامعہ کراچی کے زیر اہتمام انسٹی ٹیوٹ ہذا کی سماعت گاہ میں منعقدہ آگاہی سیمینار بعنوان زرعی حیاتیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی:محفوظ ماحول کی طرف ایک قدم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ موجودہ دور مقابلے کا نہیں بلکہ اشتراک اور ہم آہنگی کا ہے ،یورپ نے جنگیں ترک کرکے باہمی اشتراک کا راستہ اختیار کیا اور آج یورپی یونین دنیا کی ایک بڑی معاشی طاقت ہے ۔انٹر نیشنل سینٹر فارکیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز جامعہ کراچی کے سینئر ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منصور نے کہا کہ پاکستان کی آبادی بڑھنے کی شرح جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ ہے جسے روکنا انتہائی ناگزیر ہوچکاہے ۔ موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان اور کراچی سب سے زیادہ متاثر ہورہا ہے جہاں گزشتہ ایک ماہ سے شدید ہیٹ ویو ہے ۔ غذائی قلت کا مسئلہ ایک عالمگیر حیثیت رکھتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں