نویں تا انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو مفت ٹیبلیٹس دینے کا فیصلہ

 نویں تا انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو مفت ٹیبلیٹس دینے کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ میں نویں تا انٹر کے طلبہ کو مفت ٹیبلیٹس دیے جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ کی جانب سے درسی کتب کی ترسیل کے سلسلے میں سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ کے کراچی میں واقع ویئر ہاؤس پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

جس میں چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ علیم لاشاری نے خصوصی شرکت کی۔عبدالعلیم لاشاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کتابوں کی تاخیر یا کمی سے بچنے کیلئے نویں جماعت تا انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو مفت ٹیبلیٹس تقسیم کیے جائیں گے تا کہ ان کی پڑھائی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے ۔پہلے مرحلے میں بڑی کلاسز کے طلبہ کو ٹیبلیٹس دیے جائیں گے ، آہستہ آہستہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کو پیپر لیس کردینگے ۔ اس کا حتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ رواں تعلیمی سال کیلئے مفت درسی کتب کی ترسیل کا عمل اپنے آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے ،سندھ بھر کے 30 اضلاع میں پونے 3کروڑ کتابیں مفت تقسیم کی جارہی ہیں۔ پہلا مرحلہ 30 جولائی سے شروع ہوا جبکہ 15 اگست سے دوسرا مرحلہ شروع ہوگا ۔ پبلشرز کو کتابیں دے دی گئی ہیں، اگر مارکیٹ میں کتابیں ترسیل نہیں ہوئیں ،ان پبلشرز کی نشاندہی کر کے ان کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ مختلف وجوہات کے بنا کر تاخیر ہوئی۔17 اضلاع میں کتابوں کی ترسیل ہو چکی ہے ۔کراچی میں کتابوں کی ترسیل کا عمل مکمل ہوگیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں