تخلیقی ڈیٹا بینک کاقیام:جامعہ کراچی اور آرٹس کونسل میں معاہدہ

تخلیقی ڈیٹا بینک کاقیام:جامعہ کراچی اور آرٹس کونسل میں معاہدہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آرٹس کونسل نے یوتھ ایمبیسڈر پروگرام کے تحت کراچی میں تخلیقی ڈیٹا بینک بنانے کیلئے گزشتہ روز جامعہ کراچی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ۔

مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی اورآرٹس کونسل پاکستان کراچی کے صدرمحمد احمد شاہ نے دستخط کئے ۔مفاہمتی یادداشت کا مقصد نوجوانوں کی ترقی،انہیں بااختیار بنانا اور اتحاد کیلئے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے ،تاکہ وہ اپنے خیالات، تخلیقی صلاحیتوں اور علم پر مبنی رویوں کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے اپنی صلاحیتوں اور مہارتوں کوبروئے کارلاسکیں۔ احمد شاہ نے کہا کہ یو تھ ایمبیسڈر پروگرام ہمارے نوجوانوں کے ذہنوں اور سوچوں کی تشکیل میں مدد کریگا۔ آرٹس کونسل طلباء کو مختلف شعبہ جات میں تربیت فراہم کرے گا اور ان کی قائدانہ خصوصیات کو بڑھانے کیلئے ماہرین کو شامل کرے گا ۔ احمد شاہ نے مزید کہا کہ یہ پلیٹ فارم ایک مرحلے پر مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلباء کو شامل کرے گا اور یہ نوجوان ایک دوسرے کے تجربات سے بہت کچھ سیکھیں گے ۔ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ نوجوان معاشرے میں تبدیلی لا سکتے ہیں اور یوتھ ایمبیسڈر پروگرام اس سلسلے میں مددگار پلیٹ فارم ہو سکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں