حکومت 45دنوں میں عوام کو ریلیف دے ،منعم ظفر

حکومت 45دنوں میں عوام کو ریلیف دے ،منعم ظفر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے تحت مہنگی بجلی، آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں اور بجٹ میں تنخواہ دار طبقے وتاجروں پر ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف راولپنڈی میں دھرنے کے 14ویں دن حکومت کی جانب سے مطالبات کی منظوری و معاہدے پر دستخط کرنے۔۔

 اور کامیاب دھرنے کے انعقاد پر جماعت اسلامی کے تحت کراچی میں بھی یوم تشکر منایا گیا،کارکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں اور ایک دوسرے کو مبارکباد اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جدوجہد جاری رہے گی،شہریوں کی جانب سے جماعت اسلامی کی حق دو عوام کو تحریک اور جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔علاوہ ازیں ادارہ نورحق سمیت شہر بھرمیں متعدد مقامات پر بڑی بڑی ایس ایم ڈی اسکرینوں پر اسلام آباد ہائی وے پر ہونے والے جماعت اسلامی کے عظیم الشان جلسہ عام کی کارروائی اور امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کا خطاب براہ راست نشر کیا گیا۔دریں اثناء امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے راولپنڈی وگورنر ہاؤس کراچی میں دھرنوں کی کامیابی اور کارکنوں کی استقامت،نظم وضبط اور جوش اور جذبے کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی نے حکومت سے عوام کے مطالبات منظور کروالیے ہیں،حکومتی وزراء نے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، حکومت پابند ہے کہ 45دنوں کے اندر اندر ان پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی اور عوام کو ریلیف دے گی۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے دھرنے مؤخر کیے ہیں ختم نہیں کیے ،ہم حکومت کا تعاقب کریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں