ایف آئی اے کی کارروائیاں : کرنسی اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان گرفتار
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے )کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی نے صدر کے علاقے میں کارروائی کے دوران انسانی اسمگلرکو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایات پر انسانی اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ،انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی نے جاری کارروائیوں کے تسلسل میں شہر کے علاقے صدر کراچی سے انسانی اسمگلر کو گرفتار کیا۔گرفتار ملزم کی شناخت آصف علی کے نام سے ہوئی،ملزم بغیر لائسنس غیر قانونی طور پر معصوم شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر رقوم بٹورنے میں ملوث تھا۔ملزم نے شہری کو دبئی ملازمت کے لیے بھجوانے کیلئے 6 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کیے تاہم شہری کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور روپوش ہو گیا تھا،گرفتار ملزم کے خلاف تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر جعلی سفری ستاویزات پربیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے 2 مسافروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان وزٹ ویزے پرافریقی ملک سینیگال جا رہے تھے ۔ ملزمان کی شناخت محمد عدیل اور مجاہد علی کے نام سے ہوئی۔ ملزمان کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک پایا گیا۔ملزمان کے پاسپورٹ پر یونان اور پاکستان آمد کی جعلی مہریں لگی ہوئی تھی۔ترجمان نے بتایاکہ جعلی سفری دستاویزات پر سفر کرنے کی کوشش پر گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے ۔مزید برآں ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل نے جناح ٹرمینل ائیرپورٹ کے پارکنگ سے غیرقانونی کرنسی ایکسچینج کے دھندے میں ملوث ملزم کو دھرلیا،ایک لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالرز (3 کروڑ 36 لاکھ پاکستانی روپے) تحویل میں لے لیے گئے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نے کارروائی کے دوران غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا، ملزم کی شناخت عمر کے نام سے ہوئی، جسے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی کی پارکنگ سے گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم حوالہ ہنڈی اور کئی ماہ سے غیر قانونی طور پر کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث تھا۔ترجمان نے بتایا کہ چھاپہ مار کارروائی خُفیہ اطلاع ملنے پر عمل میں لائی گئی،چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے 1 لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالر (3 کروڑ 36 لاکھ پاکستانی روپے ) برآمد کیے گئے ۔اس کے علاوہ ملزم سے موبائل فون اور لیپ ٹاپ بھی برآمد ہوا، گرفتار ملزم کے خلاف مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔