سکھر اور گڈو بیراجوں پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار

 سکھر اور گڈو بیراجوں پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار

سکھر(بیورو رپورٹ)دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں نمایاں کمی واقع ہونا شروع ہوگئی،تاہم سکھر اور گڈو بیراجوں پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال تاحال برقرارہے ، محکمہ آبپاشی سکھر کے حکام کے مطابق درمیانے درجہ کا سیلابی ریلہ سکھر بیراج سے گزر گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری بارشوں کے بعد اب دریائے سندھ میں بھی پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونا شروع ہوگئی تھی اور دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراجوں پر پانی کی سطح میں گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کئی ہزار کیوسک کا اضافہ ہوا تھا ،تاہم سندھ کے دونوں بڑے بیراجوں پر اس وقت درمیانے درجے کے بعد نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے اور سکھر بیراج پر سیلابی پانی میں نمایاں کمی واقع ہونا شروع ہوگئی ہے ۔انچارج سکھر بیراج کنٹرول روم عبدالعزیز سومرو کے مطابق گڈو بیراج پر اس وقت پانی کی آمد428105اور اخراج398324 کیوسک جبکہ سکھر بیراج پرپانی کی آمد392120اوراخراج 350540 کیوسک اور کوٹری بیراج پر پانی کی آمد184413 اور اخراج 143898 کیوسک ریکارڈکی گئی ہے ۔محکمہ آبپاشی کے مطابق کا کہنا ہے کہ سکھر بیراج سے درمیانے سیلابی ریلہ گز ر چکا ہے ۔واضح رہے کہ سکھر اور گڈو بیراجوں پردرمیانے درجے کی سیلابی صورتحال کے باعث اب دریا کا پانی تیزی سے دونوں بیراجوں کے درمیان واقع کچے کے علاقے میں داخل ہوچکا ہے ۔علاوہ ازیں سکھر بیراج ریجن میں فلڈ ایمرجنسی کے لیے فوکل پرسنز نامزد کر دیے گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں