ربیع الاول کے انتظامات ذمہ داری نہیں سعادت ، میئر

ربیع الاول کے انتظامات ذمہ داری نہیں سعادت ، میئر

کراچی(این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ربیع الاول کے انتظامات کرنا ہماری ذمہ داری نہیں بلکہ ہمارے لئے سعادت ہے۔۔

 میلاد النبی ؐسے قبل تمام بلدیاتی مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ ابن قاسم کلفٹن میں ماہ ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، کمشنر کراچی حسن نقوی، میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ امتیاز شاہ ، واٹر کارپوریشن کے سی ای او اسد اللہ خان، علماء کرام ، مشائخ عظام اور منتظمین جلوس کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ میئر کراچی نے مزید کہا کہ نبی کریم ؐ کی حیات طبیہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے ، انہوں نے زندگی کے ہر شعبے میں ہماری رہنمائی کی ہے ، جو لوگ حضور اکرم ؐ سے سچی محبت کرتے ہیں انہیں اپنے اعمال کے ذریعے اور سنت رسول ؐپر عمل کرکے عملی مظاہرہ کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کے انتظامات کارخیر ہیں اور علماء کرام کی مشاورت سے انہیں ہر ممکن بہتر بنایا جائے گا، باغ ابن قاسم میں ہی بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام جشن میلاد النبی ؐکے حوالے سے پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام ، ثناء خواں رسولؐ اور دانشوروں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی ایک بڑی تعداد کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں