اردو یونیو رسٹی:میڈیکل بحال،اساتذہ کو تنخواہیں دینے کامطالبہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)اردو یونیورسٹی (کراچی کمپسز)کی انجمن اساتذہ و غیر تدریسی عملے کی جانب سے مشترکہ اجلاس جمعرات کوگلشن اقبال کیمپس میں منعقد ہوا جس میں اردو یونیورسٹی کے ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اجلاس میں تمام انجمن کے عہدیداران کے علاودیگر اساتذہ و عملے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اردو یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ مالی بحران پر قابو پانے میں مکمل نا کام ہو چکے ہیں۔ گزشتہ 6 ماہ میں شیخ الجامعہ نے زیادہ وقت بیرونی دوروں پر گزارا اور ان کی اردو یونیورسٹی کے معاملات میں عدم دلچسپی سے ملازمین انتہائی مالی بد حالی کا شکار ہو چکے ہیں۔ ریٹائرڈ ملازمین کو تین ماہ سے پنشن، پانچ ماہ کی ہاؤس سیلنگ ادا نہیں کی گئی،ایک سال سے میڈیکل کی سہولت بند ہے ۔ تنخواہوں کی ادائیگی کئی کئی مہینوں بعد کی جاتی ہے ، ایسی صورتحال میں شیخ الجامعہ کی منظوری سے ہاؤس سیلنگ کے خاتمے ، احتجاج کو روکنے کیلئے دھمکی آمیز خط اور ملازمین کو شوز کاز نوٹس جاری کرنے کی اجلاس میں بھر پور مذمت کی گئی۔اجلاس میں مشترکہ قرارداد پیش کی گئی جس میں مطالبات کیے گئے کہ انتظامیہ ہاؤس سیلنگ سے متعلق دھمکی آمیز خطوط منسوخ کرے اور ہاؤس سیلنگ کے بقایاجات فوری ادا کئے جائیں، اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کے خلاف انتقامی کارروائیوں کو بند کیا جائے ۔