رات میں بھی لوڈشیڈنگ شہری بلبلا اٹھے

رات میں بھی لوڈشیڈنگ  شہری بلبلا اٹھے

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کے الیکٹرک نے حکومت سندھ ، کمشنر کراچی ، سیا سی جماعتوں سے کی گئی یقین دہانی ردی کی ٹوکری میں ڈالتے ہوئے رات کے اوقات میں بھی لوڈشیڈنگ جاری رکھی ہوئی ہے ۔۔۔

 شہرمیں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہرمیں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ، مختلف علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ۔ جبکہ مرمت کے نام پر پورا پورا دن بجلی کی فراہمی معطل رہتی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔لوڈ شیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں کورنگی ، لانڈھی، پی آئی بی کالونی ، ملیر، بھینس کالونی ، سرجانی ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، لیاقت آباد، سائٹ ایریا، بلدیہ ٹاون، کیماڑی، گڈاپ، گولیمار، محمود آباد، منظورکالونی، اعظم بستی ،نیوکراچی،گلشن معمار، احسن آباد سمیت دیگر شامل ہیں۔کے الیکٹرک نے حکومت سندھ ، کمشنرکراچی ، ایم کیوایم پاکستان اور جماعت اسلامی کویقین دہانی کرائی تھی کہ رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی لیکن کے الیکٹرک نے تمام یقین دہانیوں کو پس پشت ڈالتے ہو ئے رات کے اوقات میں بھی لوڈشیڈنگ جاری رکھی ہوئی ہے ۔رات 12 بجے سے رات 2 بجے تک بھی لوڈشیڈنگ کی جا تی ہے ، شہر کے مختلف علاقوں میں 2 بارتین تین گھنٹے کی۔

دو بار ڈھائی ڈھائی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے شہری اذیت میں مبتلا ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ہم تاریخ کی مہنگی ترین بجلی حاصل کرر ہے ہیں، چند سو یونٹ کا بل 10،10 ہزار روپے ہے جو ماضی دو سے تین ہزار ہوا کرتا تھا لیکن دن رات بجلی کی فراہمی معطل ہے اور اس کے ساتھ مینٹینس (مرمتی)کا م کی وجہ سے صبح نو بجے سے شام سات بجے تک بجلی کی فراہمی بند کرنا معمول بن گیا ہے ۔کورنگی کے رہائشی عدنان نے بتا یا کہ ہما رے یہاں 11 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ، ہما ری زندگی اجیرن ہو گئی ہے ایک تو بھاری بھرکم بل کی ادائیگی کرر ہے ہیں اور دوسری جانب سے اذیت ناک لوڈشیڈنگ برداشت کرر ہے ہیں۔اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک اویس منشی کا کہنا ہے کہ شہر میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی، حد دورانیہ لوڈشیڈنگ کا 10 گھنٹے ہے جبکہ سسٹم کے استحکام کے لیے مینٹی ننس ضروری ہوتی ہے ، مرمتی کام کے دوران بجلی بند ہونے کو لوڈشیڈنگ سے تشبیہ دینا مناسب نہیں ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں