تعلیمی اصلاحات کے سلسلے میں پہلی ترجیح اساتذہ ، سردار شاہ
کراچی (این این آئی)وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ استاد کے مقام کو تمام معاشروں میں مقدس حیثیت حاصل رہی ہے۔۔۔
سندھ میں تعلیمی اصلاحات کے سلسلے میں سب سے پہلی ترجیح اساتذہ ہیں، سندھ میں پہلی بار ٹیچنگ کو ایک پروفیشن کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے لائسنس پالیسی متعارف کروائی گئی ہے ۔ یہ بات انہوں نے اساتذہ کے عالمی دن کے حوالے سے کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد علی عباسی، سابق نگراں وزیر تعلیم رعنا حسین، ایگزیکٹوڈائریکٹر اسٹیڈا سید رسول بخش شاہ کے علاوہ اساتذہ، طلبا، تعلیمی افسران اور دیگر نے شرکت کی۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ ایک استاد گہرے سمندر سے موتی چننے کی مانند معاشرے کو بہترین انسان مہیا کرنے کا کردار ادا کرتا ہے ۔ پڑھانے کے معیار کو مزید بہتر کر کے ہم آنے والی نسلوں کو مزید قابل بنا سکتے ہیں، آج دنیا میں جو کچھ بھی اچھا نظر آتا ہے وہ سب سکھانے والے اساتذہ کی دین ہے ۔ سردار شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے اسکولز میں پڑھانے کے معیار کو جدید انداز میں بہتر کرنے پر کام کر رہی ہے ، پڑھانے کے معیار کو بہتر کرنے سے ہی ہم ترقی کر سکتے ہیں، صوبائی وزیر نے اس اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے ، ہمیں ان کی محنت کی قدر ہم سب پر فرض ہے ۔