گلشن حدید میں پانی ،بجلی کی طویل بندش کے خلاف احتجاج

گلشن حدید میں پانی ،بجلی کی طویل بندش کے خلاف احتجاج

کراچی(اسٹاف رپورٹر )گلشن حدید میں گزشتہ 12 روز سے مسلسل بجلی اور پانی کی بندش کے خلاف سیکڑوں مکین اسٹیل مل انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے ۔کراچی سے ٹھٹھہ جانے والی شاہراہ پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے ۔ٹریفک کی آمد و رفت کئی گھنٹے معطل ہو کر رہ گئی ۔

تفصیلات کے مطابق گلشن حدید فیز ون میں بجلی اور دونوں فیز میں گزشتہ 12 روز سے پانی کی بند ش کے خلاف گلشن حدید کے سینکڑوں مکین اور مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی ریلی نکال کر مل انتظامیہ کے خلاف نیشنل ہائی وے پر دھرنا دیا گیا۔دھرنے کے شرکا اسٹیل مل انتظامیہ کے خلاف سخت نعرے بازی کر رہے تھے ۔دھرنے کے باعث کراچی سے ٹھٹھہ اور اندرون ملک جانے والی ٹریفک کی آمد رفت معطل ہو کر رہ گئی اور سینکڑوں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔دھرنے میں شامل مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کا رہنماؤں نے بتایا کہ اسٹیل مل انتظامیہ نے گزشتہ 12 دن سے فیز ون کی بجلی اور پوری گلشن حدید کا پانی بند کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے عوام اذیت کا شکار اور پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ،اسٹیل مل کی انتظامیہ کی نا اہلی کے باعث خوبصورت علاقہ اجڑ چکا ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جب تک اسٹیل مل انتظامیہ پانی اور بجلی بحال نہیں کرتی تب تک دھرنا جاری رہے گا ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں