لائیو اسٹاک سندھ جامعہ کراچی میں لیبارٹری قائم کریگا

لائیو اسٹاک سندھ جامعہ کراچی میں لیبارٹری قائم کریگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز، حکومتِ سندھ نے جامعہ کراچی کے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)کے باہمی تعاون سے مویشیوں کی افزائش میں ترقی کیلئے ایک لیبارٹری قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔۔۔

عالمی بینک کے تعاون سے شروع کیے گئے اس منصوبے کے تحت جینیاتی انتخاب کے ذریعے مویشیوں کی اقسام کو بہتر بنانے کیلئے جینومکس کا استعمال کیا جائیگاجس سے مویشیوں کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔یہ فیصلہ ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی میں منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں وزیرِ اعلیٰ کے مشیر برائے لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سید نجمی عالم، سیکریٹری لائیو اسٹاک اینڈ فشریز ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی، ڈی جی لائیو اسٹاک ڈاکٹر نظیر حسین کھولڑو، ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹرفرزانہ شاہین، سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی اور پروفیسرامریطس ڈاکٹر عطا الرحمن اور سینئر ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منصور نے شرکت کی۔ سید نجمی عالم نے کہا کہ غذائی تحفظ کیلئے نسل کی بہتری پر زور دینے کی ضرورت ہے ۔ اس تعاون کا مقصد آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے فریم ورک میں ویٹنری ادویات، ویکسین اور متعدی امراض کی نگرانی کے معیار کی یقین دہانی کو شامل کرنا ہے ۔ ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی نے آئی سی سی بی ایس کے ایس ایف ڈی ایل کے اعلیٰ معیار کو سراہا جو صحت کے مسائل کیلئے سستا اور موثر حل فراہم کرتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں