وناسپتی مینوفیکچررز کو صنعتوں کیلئے سہولتوں کی یقین دہانی
کراچی (بزنس رپورٹر) وزیر صنعت و تجارت سندھ جام اکرام دھاریجو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت پنجاب سے تعلق رکھنے والے وناسپتی مینوفیکچررز کو کراچی میں صنعتیں لگانے کیلئے سہولیات فراہم کرے گی۔
حکومت اس سلسلے میں صنعتی زونز کا قیام پہلے ہی عمل میں لاچکی ہے ۔ صنعتیں لگانے والوں کو انفرااسٹرکچر، سکیورٹی اور بہتر یوٹیلیٹی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے ) کے جنرل باڈی اجلاس سے خطاب میں کیا۔ تقریب میں پی وی ایم اے کے چیئرمین شیخ عمر ریحان، سینئر وائس چیئرمین اسجد عارف سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے مینوفیکچررز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جام اکرام دھاریجو نے کہا کہ صنعتکار خاص طور پر وناسپتی مینوفیکچررز کے مسائل پر بھی چیئرمین پی وی ایم اے سے مشاورت ہوئی جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ سب سے اہم مسئلہ انفرااسٹرکچر اور پانی کی قلت کا ہے جسے ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی ٰسندھ کی قیادت میں صوبائی حکومت صنعتکاروں کو سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے ۔ اس سے قبل پی وی ایم اے کے چیئرمین شیخ عمر ریحان نے کہا کہ سندھ حکومت صنعتکاروں کو بہتر انفرا اسٹرکچر، یوٹیلیٹی سہولیات بروقت اور کم لاگت میں فراہم کرے تو سندھ میں سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتاہے ۔