قبضہ میئر کی نااہلی نے کراچی کو برباد کردیا،توفیق صدیقی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری توفیق الدین صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور کے ایم سی میں کرپشن اور قبضہ میئر کی نااہلی و ناقص کارکردگی نے کراچی کو تباہ وبرباد کردیا ۔
پیپلزپارٹی کے ٹاؤن اور یوسیز کو نوازنے کے باوجود صورتحال خراب اور عوام مشکلات و پریشانیوں کا شکار ہیں،اربوں روپے ٹیکس ادا کرنے والا شہر آج بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اللہ والا ٹاؤن کورنگی میں مسجد رحمت کے اطراف میں اپنی مدد آپ کے تحت 22لاکھ روپے کی لاگت سے ماڈل اسٹریٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ ،یوسی چیئرمین قاری منصور احمد ،کورنگی ٹاؤن کے اپوزیشن لیڈر محمد ہارون ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔انہوں نے مزید کہاک گزشتہ 12سال میں 4حکومتوں نے کراچی سرکلر ریلوے کاافتتاح کیالیکن یہ بحال نہیں ہوسکی،سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے کراچی کے عوام کو پانی کے K3منصوبے کا تحفہ دیا اور 2005میں کے فور منصوبہ پیش کیا،اس کے لیے بجٹ منظور کروایا، اس منصوبے کو 2012میں مکمل ہونا تھا،آج 2024تک کے فور منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا جب کہ11ارب روپے کے فورمنصوبے پر خرچ کردیے گئے ،اب کہتے ہیں کہ 2025میں کے فورمنصوبہ مکمل ہوجائے گا لیکن واٹر بورڈ کے حکام کے مطابق اگر کے فور منصوبہ مکمل ہو بھی گیا تو اگلے 3سال تک کراچی کے شہریوں کو پانی نہیں مل سکے گا۔کراچی کے عوام کو ان کے جائز اور قانونی حقوق ملنے چاہئیں ۔