اظہار رائے کی آزادی جمہوریت کا بنیادی جز ،شرجیل انعام
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے آزاد جموں کشمیر کے وزیر اطلاعات مظہر سعید شاہ نے کراچی میں ان کے دفتر میں ملاقات میں۔ ملاقات میں دونوں وزراء نے قومی مسائل ، آزاد جموں و کشمیر اور سندھ کے معاملات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر سینئر وزیر اور صوبائی وزیراطلاعات، ٹرانسپورٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے وفد کو پاکستان پیپلز پارٹی اور حکومت سندھ کی جانب سے صحافیوں کیلئے کئے گئے اقدامات سے متعلق آگہی دی ۔ شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ میڈیا اور اظہار رائے کی آزادی محض ایک اصول نہیں ہے ،جمہوریت کا بنیادی جز ہے ، میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں کے بلا خوف و خطر آزادی سے کام کرنے والے ماحول کی فراہمی حکومت سندھ کا عزم ہے ، ایک متحرک، آزاد میڈیا ایک شفاف اور جوابدہ حکومت کیلئے بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ میڈیا انڈسٹری میں طویل المدتی ترقی کو فروغ کے لئے کوشاں رہی ہے ، صحافیوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ ، آزادی اظہار کو یقینی بنانا شہید بی بی، پیپلز پارٹی اور حکومت سندھ کا وژن رہا ہے ، حکومت سندھ پی پی پی کی قیادت کی رہنمائی میں، آزادی صحافت کو برقرار رکھنے اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے ۔