ایم کیوایم پاکستان کا ٹینکر مافیا کے خلا ف کارروائی کامطالبہ
حیدر آباد(نمائندہ دنیا)ایم کیو ایم حیدر آباد ڈسٹرکٹ کے رکن سندھ اسمبلی اور ڈسٹرکٹ جوائنٹ انچارج راشد خان ایڈووکیٹ ،رکن سندھ اسمبلی ناصر حسین قریشی نے ڈسٹرکٹ جامشورو خدا کی بستی میں صاف پانی کی عدم فراہمی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے۔۔۔
کہ ڈسٹرکٹ جامشورو خدا کی بستی میں غریب مزدور طبقہ رہائش پذیر ہے لیکن وہاں ایک عرصے سے صاف پانی کی فراہمی معطل ہے ،جس کی وجہ سے غریب عوام پانی ٹینکر مافیا سے خریدنے پر مجبور ہیں اور اب ٹینکر مافیا نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پانی کے نرخ بھی بڑھادیے ہیں اور عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں جو وہاں کے عوام کے ساتھ ظلم ہے جب کہ پہلے ہی خدا کی بستی میں گیس ،بجلی سمیت بنیادی سہولیات کا فقدان ہے اور اب انہیں پانی سے بھی محروم کر دیاگیاہے ۔ حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ جامشورو وزیر اعلیٰ سندھ کا علاقہ ہے جو ترقی کے بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں لیکن ان کے اپنے ضلع میں عوام کو پانی سے محروم رکھ کر من پسند ٹینکر مافیا کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے لہذا انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ و ڈسٹرکٹ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ڈسٹرکٹ جامشورو خدا کی بستی میں پانی کی فراہمی فوری بحال کی جائے۔