نوشہروفیروز:پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کیلئے ٹیمیں تشکیل

 نوشہروفیروز:پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کیلئے ٹیمیں تشکیل

پڈعیدن(نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز محمد ارسلان سلیم کی صدارت میں 16 دسمبر سے شروع ہونے والی سات روزہ قومی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا ۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد مستقیم قریشی، ڈی ایم پی پی ایچ آئی کیپٹن ریٹائرڈ محسن علی، پی ای او عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر غلام علی سولنگی، کمیونیکیشن آفیسر علی اکبر جونیجو، اے ایف پی سرویلنس آفیسر شبیر الحسنین اور دیگر افسران موجود تھے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ملک میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز ظاہر ہونے کے بعد ہماری زمہ داری اور بڑھ گئی ہے ، اس لئے ہمیں مہم کے دوران مزید سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے ۔اس مہم کے دوران مائیکرو پلان کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے ،اس لیے نیا، قابل عمل اور مفید مائیکرو پلان تیار کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیموں کی نگرانی کے عمل کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر ز اور میں خود بھی مارننگ اسمبلی میں شرکت کروں گا، ٹیموں کو بروقت فیلڈ میں روانہ کیا جائے اور کہیں سے غیر ذمہ داری کی شکایت نہیں ملنی چاہیے ، اس سے قبل پولیو مہم کے فوکل پرسن ڈاکٹر وجے کمار نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع کے پانچ سال کی عمر تک کے 295592 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لئے 1025 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 893 موبائل، 18ایس ایم ٹی،73 فکس، 41 ٹرانزٹ پوائنٹ ٹیمیں شامل ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں