پٹرول قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی ،واپس لیا جائے ،کاشف شیخ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی شدید مذمت اوراسے عوام دشمن فیصلہ قراردیتے ہوئے کہا ہے ۔۔
کہ اس سے غربت اور مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا، پہلے ہی عوام کمر توڑ مہنگائی،بدامنی، مہنگی بجلی اور ظالمانہ ٹیکسز سے تنگ آچکے تھے اب پٹرول قیمتوں میں اضافہ ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گا۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ حکومتی بے حسی اور عوام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔اضافے سے مہنگائی کا نیاطوفان آئیگا جس کے نتیجے میں روزمرہ کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں سمیت رکشہ ٹیکسی مسافرگاڑیوں کے کرایوں میں اضافہ ہوجائے گا۔ عوامی مفاد کی خاطر فیصلہ واپس ، مفت خوری ختم، لیوی دیگرٹیکسزمیں کمی کے ذریعے عوام کوریلیف دیکر عزت کے ساتھ رہنے کا حق دیا جائے ۔بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ سندھ پاکستان کے پسماندہ صوبوں میں سے ایک ہے جہاں کی آبادی کی اکثریت پہلے ہی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے ۔ سندھ کے دیہی علاقوں میں بچوں کی نشوونما کو روکنا عام ہے کیونکہ لوگ اتنے غریب ہیں کہ اپنے خاندان کا پیٹ بھرنے کے قابل نہیں ہیں۔ تیل کی قیمتوں میں اضافہ غربت اور بھوک کے نئے دروازے کھول دے گا۔ حکومت عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے رہی بلکہ نئے ٹیکسوں ،مہنگے ایندھن اور توانائی کے ذریعے ان پر سخت دباؤ ڈال رہی ہے ۔ حکومت قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لے ۔