پرانے درخت کاٹنے پر کئی افسران معطل

پرانے  درخت  کاٹنے  پر  کئی  افسران  معطل

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک،اسٹاف رپورٹر)ریڈ زون میں پرانے درخت کاٹنے کے معاملے میں کئی افسران معطل کردیے گئے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق چیف سیکریٹری کی ہدایت پر ڈائریکٹر پارکس جنید اللہ خان کو عہدے سے ہٹادیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹر میونسپل یوٹیلیٹی چارجز اینڈ ٹیکسز کے انچارج اخلاق الرحمان، محکمہ باغات بلدیہ عظمیٰ کے 2 افسران، انسپکٹر اور ایک اہلکار کو بھی معطل کردیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں پرانے درخت کاٹنے کے معاملے پر کارروائی ڈپٹی کمشنر جنوبی کی رپورٹ پر کی گئی۔ذرائع کے مطابق محکمہ باغات کے افسران نے مبینہ طور پر اشتہاری ایجنسی کی معاونت کے لئے پرانے درخت کاٹ ڈالے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ کئی دہائیوں قبل لگائے گئے پیپل، نیم کے پانچ درختوں کو کاٹا گیا، اشتہاری بورڈ کو نمایاں کرنے کے لیے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب محکمہ باغات کے عملے نے درخت کٹوائے ۔اس سے قبل چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے پی آئی ڈی سی کے قریب درختوں کی کٹائی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اس پر گہرے تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے ۔

چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی ہدایت پر چار درختوں کی کٹائی کے خلاف سول لائنز تھانے میں ایف آئی آر نمبر 156/2024 درج کی گئی ہے ۔کراچی میٹروپولیٹن کونسل(کے ایم سی) کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی کریں جو اس غیر قانونی عمل میں ملوث یا غفلت کے مرتکب پائے گئے ۔ اس سلسلے میں کے ایم سی نے دو الگ نوٹیفکیشنز جاری کیے ، جن کے تحت ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اور ڈائریکٹر ایم یو سی ٹی، کے ایم سی کو ہیڈکوارٹر زرپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کو 24 گھنٹوں کے اندر واقعے کی تفصیلی انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ چیف سیکریٹری نے شہری علاقوں، خاص طور پر کراچی میں، شجرکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ درخت بڑھتی ہوئی آلودگی سے نمٹنے اور ماحولیاتی پائیداری کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سبز اثاثوں کی تباہی کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔سندھ حکومت نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر درختوں کی کٹائی کو روکنے کے لیے نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط کریں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں